اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)دوسروں کو نصیحت خود میاں فصیحت ، تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران جب احسن جمیل گجر کے خاندان کی ملکیت پٹرول پمپ کی باری آئی تو ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ طارق وڑائچ کو ہٹا دیا گیا ، پنجاب حکومت نے بات کھلنے پر تحریک لبیک کے احتجاج کے دوران ناقص کارکردگی کا الزام عائد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں تجاوزات کے
خلاف آپریشن جاری تھا کہ اسی دوران ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ طارق وڑائچ کو فوری طور پر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ حکومت پنجاب کو مزید احکامات کیلئے رپورٹ کرنے کو کہا گیا۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کا نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تبادلے کی ذمہ دار وفاقی حکومت کی بااثر ترین اور مقبول شخصیت کے قریبی گھر والے کا دوست ہے۔ ڈپٹی کمشنر طارق وڑائچ جو گوجرانوالہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کر رہے تھے اور جب وہ اس دوست کے پٹرول پمپ تک پہنچے تو اچانک ڈپٹی کمشنر کو تبدیل کر دیا گیا۔روزنامہ جنگ کے معروف صحافی وسیم عباسی کی رپورٹ کے مطابق شاہین رضا کے الزام کو اس بات سے تقویت ملی جب ضلعی انتظامیہ نے جی ٹی روڈ پر قائم 5 میںسے 4 غیر قانونی پٹرول پمپس کو مسمار کر دیا، صرف ایک پٹرول اسٹیشن باقی بچا جو اسی دوست کے خاندان کی ملکیت ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے محکمہ اراضی سے پانچوں پٹرول اسٹیشنز کی لینڈ ریکارڈ سے توثیق چاہی جس پر حکومت پنجاب نے چار پٹرول اسٹیشنز کو غیر قانونی قرار دیا لیکن ایک کے بارے میں چپ سادھ لی۔خیال رہے کہ پٹرول اسٹیشن کے علاوہ احسن جمیل گجر کی گوجرانوالہ میں ایک ہائوسنگ سوسائٹی بھی ہے جسے جی ڈی اے نے غیر قانونی قرار دیا ہے۔ میڈیا کے رابطہ
کرنے پر احسن جمیل گجر نے ڈپٹی کمشنر کے تبادلے میں اپنے کسی کردار کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اسٹیشن ان کے والد کی ملکیت اور 10 سال سے دونوں میں بول چال بند ہے ۔ البتہ انہوں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ ہائوسنگ سوسائٹی کی ملکیت کا اقرار کرتے ہوئے اسے قانونی اور جائز بتایا، وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے مطابق ڈپٹی کمشنر کے تبادلے کااحسن جمیل گجر
سے کوئی تعلق نہیں، یہاں کسی کا بھی کسی کے ساتھ کوئی نہ کوئی معاملہ جوڑ دیا جاتا ہے،ا ن کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک کے حالیہ احتجاج سے نمٹنے میں ان کی کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی جس پر لاہور ہائی کورٹ نے انہیں ہٹانے کی ہدایت کی تھی تاہم تبادلے کے احکامات کے باوجود ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کے پاس چیف سیکرٹری کے زبانی احکامات پر اپنے عہدے کا چارج ہے ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر کا بھی ایک پٹرول پمپ مسمار کر دیا گیا تھا جب کہ ایک ٹی وی پروگرام میں تحریک انصاف کے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے خرم دستگیر کو اسی پٹرول پمپ کا طعنہ دیا تھا جس پر وہ پروگرام چھوڑ کر چلے گئے تھے۔