لاہور (نیوز ڈیسک) ای چالان سسٹم سے غلط چالان موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں، سیف سٹی اتھارٹی کا ای چالان منصوبہ ناکام ہونے لگا، کسی اور کا چالان کہیں اور بھیج دیا جاتا ہے، اسی طرح ایک قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک شہری کو ای چالان موصول ہوا جو اس کے گھر جھگڑے کا باعث بن گیا، چوبرجی کے رہائشی مدثر حسن کو غلط چالان موصول ہوا، چالان کے مطابق ٹریفک لائٹ کی خلاف ورزی کرنے پر 200 روپے کا ای چالان ہوا، اس ای چالان میں 125 موٹرسائیکل پر ایک شہری اور اس کے پیچھے ایک خاتون بیٹھی
ہوئی نظر آ رہی ہے، حتیٰ کہ مدثر حسن کے پاس سی ڈی 70 ہے، اس چالان کی وجہ سے میاں بیوی میں لڑائی شروع ہوگئی جس پر خاوند نے بیوی کو بہت یقین دلایا کہ میرے پاس 70 موٹر سائیکل ہے اور میں نہ مغل پورہ گیا ہوں اور نہ ہی کبھی کسی خاتون کو موٹر سائیکل پر بٹھایا ہے، مدثر حسن نے اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس اور سیف سٹی کا نظام درست کریں اور غلط چالان بھیجنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، دوسری صورت میں گھروں میں ناچاقی کے ذمہ دار سیف سٹی والے ہوں گے۔