لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے نئی تاریخ رقم کر دی،ستمبرمیں66 ہزار،اکتوبرمیں 29 ہزارروپے کچن کا بل، گھر کے پردوں کی تبدیلی پر 2لاکھ 33ہزار جیب سے خرچ کئے، بنی گالا میں فینسنگ کے اخراجات بھی جیب سے ادا کئے، وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کا نجی ٹی وی پروگرام میں انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام
میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی افتخار درانی نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ستمبر میں 66ہزار روپے اور اکتوبر میں 29ہزار روپے کچن کا بل آیا ہے جو انہوں نے جیب سے دیا ہے۔ افتخار درانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان کو بلیو بک کے مطابق بنی گالا میں فینسنگ بھی کروانی پڑی ہے جس کا خرچ انہوں نے ذاتی جیب سے ادا کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد ملٹری سیکرٹری کے گھر میں رہائش اختیار کی تو اس گھر کے پردے تبدیل کروائے جس کا بل 2لاکھ 33ہزار روپے بنا جوکہ انہوں نے خود ادا کیا ہے۔ افتخار درانی کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نے 8 کیمپ آفس بنائے ہوئے تھے۔انہوں نے علیمہ خان کو این آراو دینے سے متعلق سوال پر کہا کہ یہ سوال آپ علیمہ خان سے پوچھ سکتے ہیں۔علیمہ خان کو حکومت نے کوئی این آر او نہیں دیا۔ہم نے شہبازشریف اور وزیراعظم کے جہاز کے استعمال کی تحقیق کرلی ہے ، مزید تحقیق کیلئے کیس نیب کو بھیج دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اگر کسی سرکاری تقریب میں جاتے ہیں توسرکاری دورہ ہوگا اور اگر انہوں نے صرف پارٹی کا اجلاس کیا ہے تو سرکاری دورہ نہیں ہوگا۔نوازشریف کی بیٹی مریم نوازکا نام اس لیے بھیجا کہ وہ سرکاری یا حکومتی عہدہ نہیں رکھتیں۔ دوسرے صوبائی وزراء اعلیٰ، گورنرزکےوزیراعظم کے جہاز کے استعمال کی بھی تحقیقات کی جائینگی ۔ہم نیب کا کام نہیں کررہے ہیں، ہم نے تو کیس کے بارے میں بتایا ہے۔