اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی سما کی جانب سے فواد چوہدری کےجہلم میں ورکرز کنونشن سےخطاب کو یوٹرین قرار دینے پر وفاقی وزیر اطلاعات آگ بگولہ ہو گئے ، ٹویٹر پیغام میں نجی ٹی وی پر برسے تو سما ٹی وی نے آگے سے ایسا کام کر دیا کہ شرم سے پانی پانی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اپنے آبائی حلقے جہلم میں ورکرز کنونشن
سے خطاب کیلئے پہنچے تو وہاں انہوں نے خطاب کے دوران ایک بار پھر بلوچستان کو ملنی والی رقم کا ذکر کیا۔ فواد چوہدری کے جہلم میں ورکرز کنونشن اور سینٹ میں بیان میں واضح طور پر فرق سامنے آیا جس پر نجی ٹی وی سما نے ان کے جہلم میں منعقدہ ورکرز کنونشن میں خطاب کو یوٹرن قرار دیدیا اور کہا کہ فواد چوہدری نے 14 نومبر کو سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے بلوچستان کو بیالیس ٹریلین ملنے کی بات کی تھی تاہم اب انہوں نے اپنے اس بیان پر ’’یو ٹرن ‘‘ لیتے ہوئے جہلم میں کہا ہے کہ ’’15 سو ارب روپیہ بلوچستان میں گیا ،کوئٹہ میں کوئی ہسپتال نہیں ہے ،وہاں کوئی حادثہ ہوتا ہے تو لوگ جہازوں میں مریضوں کو کراچی لے کر جاتے ہیں اور جب ان سے پوچھیں تو سارے اپنے سر پر ہاتھ رکھ کر بیٹھ جاتے ہیں کہ بڑا ظلم کر دیا ہے ‘‘حالانکہ سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بلوچستان کو بیالیس ٹریلین ملنے کی بات کی تھی ۔نجی ٹی وی پر اس خبر کے بار بار نشر ہونے اور ’’ یو ٹرن ‘‘کہنے پر وفاقی وزیر اطلاعات آگ بگولہ ہو گئےاور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں نجی ٹی وی سما کو کھری کھری سناتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’’سماء ٹی وی کے بزرجمہروں کیلئے چوہدری اعتزاز صاحب کے کتاب پورس پڑھ لیں تا کہ ان کے علم میں اضافہ ہو کہ سکندر اعظم کو پورس سے فتح ہوئی یا شکست۔۔
اور مہربانی کریں کے جو کام آتا ہے وہ کریں یعنی Remaking of Crime تاریخ شاید ذرا زیادہ محنت والا کام ہے اور آپ اس کیلئے تیار نہیں ہیں‘‘۔فواد چوہدری کا ٹویٹر پر پیغام جاری کرنا تھا کہ نجی ٹی وی سما نے بھی وزیر اطلاعات کو آئینہ دکھاتے ہوئے ان کے جہلم اور سینیٹ میں کئے جانے والے خطاب کی فوٹیج چلانا شروع کر دی جس میں واضح طور پر دونوں تقاریر میں تضاد موجود تھا، سینٹ میں فواد چوہدری بلوچستان کو بیالیس ٹریلین ملنے کی بات کررہے تھے جبکہ ورکرز کنونشن میں انہوں نے15 سو ارب روپیہ کا ذکر کیا، نجی ٹی وی یہ دونوں بیانات بار بار نشر کرتا رہا ۔