لاہور(آئی این پی) تبلیغی جماعت کے معروف رہنما اور مشہور دینی سکالر مولانا طارق جمیل نے امیر عالمی تبلیغی جماعت مولانا حاجی عبد الوہاب کے انتقال پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ دنیا میں بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو دوسروں کے لئے جیتے ہیں جواپنی ذات کے جذبات کی اور ضروریات کی قربانی دے کر لوگوں کو نفع پہنچاتے ہیں ،ان میں اسے ایک حاجی عبد الوہاب صاحب بھی تھے ،اب تبلیغی جماعت کا امیر کسے بنایا جائے گا ؟اس بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ اپنے ایک انٹرویو کے
دوران مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ میری زندگی کے کوئی پچاس سال مولانا حاجی عبد الوہاب صاحب کے ساتھ گذرے ،اللہ نے مجھے تاریخ پڑھنے کا بھی موقع دیا ،تاریخ میں بہت کم لوگ ایسے پیدا ہوئے اور آئندہ بھی کم لوگ ایسے ہوں گے جو اس طرح اپنے آپ کو اللہ اور اس کے رسول ؐکے لئے فنا کر کے لوگوں کے لئے نفع کا سامان بنے ۔مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ مولانا حاجی عبد الوہاب نے اپنی زندگی کا ہر پل اور ہر لمحہ اللہ اور اس کے رسول ؐکے لئے وقف کر دیا تھا اور اسی میں ان کی جان گئی ۔