اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عوام کی زمین پر قبضہ کر کے پٹرول پمپ بنایا ہوا تھا ، ہم نے اٹھا کر باہر پھینکا، پی ٹی آئی کے شہباز گل نے سابق وفاقی وزیر اور ن لیگ کے رہنما خرم دستگیر کی لائیو شو میں کلاس لی تو وہ پروگرام ہی چھوڑ کر چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں ن لیگ کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر نے پی ٹی آئی حکومت کی
کارکردگی پر تنقید کی تو اس کا جواب دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے شہباز گل نے ان کی کلاس لے ڈالی۔ خرم دستگیر کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے شہباز گل کا کہنا تھا کہ خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ابتک کچھ نہیں کیا مگرہم نے کچھ بھی نہ کیا ہولیکن انہوں نے قبضہ کیا ہوا تھا زمین پر اور اس پر پٹرول پمپ بنایا ہوا تھا جعلی طریقے سے عوام کی زمین پر ، وہ ہم نے ان سے خالی کروایا، ہم نے اٹھا کر باہر مارا جو کہ پہلے کسی اور حکومت میں جرأت نہیں ہوئی کہ خرم دستگیر کا ناجائز قبضہ گوجرانوالہ شہر میں زمین پر جس پر پٹرول پمپ بنایا ہوا تھا جو کہ پیپلزپارٹی کی حکومت میں بھی رہا اور ان کی اپنی حکومت کے بھی رہا ختم کرا سکے۔ وہ ہم نے اٹھا کر باہر مارا اور یہی عثمان بزدار تھے جن سے متعلق یہ تنقید کرتے ہیں۔ شہباز گل کی اس بات پر خرم دستگیر نے اسے ذاتی حملہ قرار دیتے ہوئے پروگرام چھوڑ کر جانے کا اعلان کیا اور پروگرام چھوڑ کر چلے گئے۔ اس موقع پر پروگرام کی میزبان مہر عباسی کا کہنا تھا کہ خرم دستگیر کی موجودگی میں یہ بات ہو رہی ہے اور وہ اس کا جواب دینے کیلئے پروگرام میں موجود بھی ہیں ایسا نہیں کہ یہ بات ان کی غیر موجودگی میں ہوئی ۔ خرم دستگیر اپنا دفاع تو کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر مہر عباسی نے شہباز گل سے کہا کہ وہ اس حوالے سے بات کرنے پر معترض ہیں تو آپ بات نہ کریں جس پر شہباز گل
کا کہنا تھا کہ میں کیوں نہ بات کروں، وہ اگر معترض ہیں اور کمفرٹ ایبل نہیں ہیں تو یہ میرا مسئلہ نہیں ہے، ان کی چوری بتائی جائے تو یہ بھاگ جاتے ہیں۔ اگر میں غلط کہہ رہا ہوں تو مجھے کورٹ میں لے جائیں، اس موقع پر پروگرام میں شریک پیپلزپارٹی کے رہنما اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ ہم جس ایشو پر بات کر رہے ہیں اس ایشو پر رہنا چاہئےاور اسی پر بات کرنی چاہئے ۔ اس موقع پر شہباز گل کا کہنا تھا کہ اس ملک میں یہ روایت بدلنی ہو گی ، میں نے خرم دستگیر کی شکل میں بات نہیں کی، میں نے ان کی فیملی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، میں نے کی ذاتی زندگی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔