اسلام آباد(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف سے ان کے اہل خانہ نے سب جیل اپوزیشن لیڈر ہاؤس میں ملاقات کی اور رات کا کھانا ساتھ کھایا۔پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ حمزہ شہباز، ان کی اہلیہ اور والدہ نصرت شہباز نے اسلام آباد میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف سے ملاقات کی۔ذرائع نے بتایا کہ فیملی سے ملاقات میں نیب کسیز سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔علاوہ ازیں سلمان شہباز شریف کے بیٹے کی ولادت سے متعلق بھی ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے بعد میاں شہباز شریف
اور ان کے اہل خانہ نے کھانا بھی اکٹھے کھایا۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں منسٹر انکلیو میں اپوزیشن لیڈر ہاوس کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (نیب) نے سب جیل قرار دے رکھا ہے۔خیال رہے کہ میاں شہباز شریف قومی اسمبلی اجلاس کے باعث آجکل پروڈکشن آرڈر پر اسلام آباد میں مقیم ہیں۔اس ضمن میں بتایا گیا کہ شہباز شریف پیر کی شام قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے اور اس سے قبل وہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔شہباز شریف پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں تقریر بھی کریں گے۔