لاہور(این این آئی) جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم اور جمعیت علمائے اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق کا تعلق دینی گھرانے سے تھا، وہ 18 دسمبر1937 کو اکوڑہ خٹک میں پیدا ہوئے۔مولانا سمیع الحق دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ تھے۔مولانا سمیع الحق دو مرتبہ سینیٹ کے رکن بھی رہے ۔ وہ جامعہ دار العلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے سربراہ بھی تھے۔ مولانا سمیع الحق نے خود بھی دارالعلوم حقانیہ سے تعلیم حاصل کی جس کی بنیاد ان کے والد مولانا عبدالحق
نے رکھی تھی۔مولانا سمیع الحق کا شمار ملک کی مذہبی اور سیاسی شخصیات میں ہوتا تھا۔ انہوں نے مختلف مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور متحدہ مجلس عمل کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے متحدہ دینی محاذ کے نام سے بھی پلیٹ فارم بنایا ۔تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے جب پولیو ویکسی نیشن کو غیر اسلامی قرار دیا گیا اور لوگوں کو اپنے بچو ں کو پولیو کے قطرے پلانے سے منع کیا تو مولانا سمیع الحق نے پولیو ویکسی نیشن کے حق میں فتوی جاری کیا ۔