اسلام آباد (نیوزڈیسک) عمران خان کے وزیراعظم بننے سے قبل ہی چینی سفیر نے نگران حکومت کو نئے وزیراعظم کے حوالے سے کیا پیشکش کی تھی، اس حوالے ایک موقر قومی روزنامے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اصل میں نگران حکومت ہی ان معاہدوں اور نئے وزیراعظم کے دورہ چین کی راہ ہموار کرکے گئی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا کہ چین نے پاکستان کو تجارت کے لیے خصوصی رعایت دینے اور وزیراعظم پاکستان کو بطور مہمان خصوصی بلا کر سرمایہ کاری کرانے کی یقین دہانی کرا دی تھی، رپورٹ کے مطابق 10 اگست 2018ء
کو پاکستان میں چین کے سفیر ژاؤ جنگ نے نگران وزیرکامرس میاں مصباح الرحمان سے ان کے آفس میں ملاقات کی جس میں ایڈیشنل سیکریٹری جاوید اکبر اور جوائنٹ سیکرٹری بھی شامل تھے، اس ملاقات میں چین اور پاکستان کے درمیان تجارت اور معاشی تعلقات سے متعلق کئی معاملات زیر بحث آئے۔ اسی ملاقات میں چین کے پاکستان میں سفیر ژاؤ جنگ نے بتایا تھا کہ نومبر 2018ء میں ہونے والے چائنہ امپورٹ فیسٹیول میں چینی حکومت پاکستان کے نئے وزیراعظم کو بطور مہمان خصوصی بلانے پر غور کر رہی ہے۔