جھنگ(آن لائن)پنجاب حکومت نے سابق وفاقی وزیر سیدہ عابدہ حسین کے قبضہ سے 625ایکڑ سرکاری زمین واگزار کرانے کا فیصلہ کیا ہے،اس مقصد کیلئے حکومت پنجاب نے سرکاری زمین واپس لینے کیلئے سخت آپریشن کا فیصلہ کیا ہے،اس مقصد کے لئے پولیس کی بھاری نفری تیار کرلی گئی ہے۔سیدہ عابدہ حسین نے 625ایکڑ سرکاری زمین پر قبضہ کرکے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے۔
شہبازشریف حکومت نے بھی یہ سرکاری زمین واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن سیاسی مفادات کے باعث اس فیصلے پر عملدرآمد نہ ہوسکا۔تفصیلات کے مطابق جھنگ کی مشہور سیاستدان اور سابق سفیر سیدہ عابدہ حسین سے سرکار کی 625 ایکڑ سے زائد زرعی نہری زمین واپس لینے کے لئے حکومت پنجاب کے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔عابدہ حسین نے سیاسی اختیارات استعمال میں لاتے ہوئے یہ زمین چند سو روپے کے عوض حکومت سے لیز پر حاصل کر رکھی ہے تاہم اب یہ زمین انہوں نے ٹھیکہ پر50ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے دے رکھی ہے جس سے حکومت کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر جھنگ نے لیز ختم کرانے کیلئے عدالت میں مقدمہ بھی دائر کر رکھا ہے اب سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں حکومت پنجاب نے یہ نہری زمین واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم عابدہ حسین کے خاوند سید فخرامام پی ٹی آئی میں شامل ہیں اور ممبر قومی اسمبلی بھی ہیں تاہم عابدہ حسین سے اربوں مالیت کی زمین واگزار کرانے کا گرین سگنل وزیراعظم عمران خان نے دے دیا ہے اور جھنگ پولیس جلد آپریشن کرنے والی ہے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جھنگ نے وضاحت نہیں دی ہے۔