اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ خواجہ حارث سے میرے قریبی تعلقات ہیں مگر ان کو عدالت میں میرے بیان سے متعلق بات کرنا زیب نہیں دیتا انہیں یہ بات نہیں کرنی چاہیے تھی اگر میں اس جج کی جگہ ہوتا تو آج خواجہ صاحب جیل میں ہوتے ،نوازشریف سے متعلق بہت سارے کیسز تو لیکر ہی ہم آئے تھے ہمیں معلوم ہے کہ ان کیسز میں
کیا کیا ثبوت موجود ہیں ،کسی جج کو یہ کہنا کہ آپ کمزور ہیں آپ کارروائی نہیں کر سکتے یہ تو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے ۔ وہ جمعہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ سے نوازشریف کے کیسز کا اندازہ ہوجاتا ہے ،میں نے کیسز اور تمام ثبوت دیکھے ہیں اس لئے میری رائے ہے کہ نوازشریف جیل جائیں گے ۔فواد چوہدری نے کہا کہ ایف زیڈ ای کمپنی سے پیسے ہل میٹل اور پھر یہ پیسے گارڈز اور دیگر ملازمین کے اکائونٹس میں آئے ، ملازمین کے اکائونٹس سے پھر یہ پیسے مریم نواز کے اکائونٹ میں آئے ، میرے بیان سے کوئی قیامت نہیں آئی ۔وزیراطلاعات نے کہا کہ خواجہ حارث سے قریبی تعلقات ہیں مگر ان کو عدالت میں ایسی بات نہیں کرنی چاہیے تھی ، کسی جج کو یہ کہنا کہ آپ کمزور ہیں اور کارروائی نہیں کرسکتے یہ توہین عدالت ہے ، جج صاحب کی جگہ میں ہوتا تو خواجہ صاحب اس وقت جیل میں ہوتے ، ہمیں معلوم ہے کہ ان کیسز میں کیا کیا ثبوت موجود ہیں ،نوازشریف سے متعلق بہت سارے کیسز تو عدالت میں لیکر ہی ہم آئے تھے ۔فواد چوہدری نے کہا کہ فالودے والے اور دیگر عام لوگوں کے اکائونٹس میں جو پیسے آرہے ہیں اپوزیشن والوں سے پوچھیں یہ کس کے ہیں ۔