اسلام آباد(آن لائن) سابق وزیر خارجہ خواجہ محمدآصف نے کہا ہے کہ ہم نے سعودی عرب کو یقین دلایا تھا کہ ہم آپ کی جغرافیائی حدود کی حفاظت کریں گے مگر ہم سعودی عرب سے باہر ان کے لئے ایسا کرنے سے قاصر ہیں ،جنرل(ر) راحیل شریف این او سی لے کر باہر گئے تھے ۔وزیراعظم عمران خان کا بیان آئے روز بدلتا رہتا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ میری سعودی قیادت سے ملاقات ہوئی تھی جس میں انہوں نے قومی اسمبلی کی قرار داد پر اپنے تحفظات
کا اظہار کیا تھامیں نے سعودی قیادت کو یقین دلایا تھا کہ ہم آپ کی جغرافیائی حدود کی حفاظت کریں گے مگر ہم آپ کے ملک سے باہر آپ کے لئے کچھ کرنے سے قاصر ہیں ۔ہماری کچھ مجبوریاں ہیں لیکن ہم کبھی سعودی عرب کے خلاف کسی محاذ کا حصہ نہیں بنیں گے بلکہ ہم اسلامی اتحاد میں شامل ہیں۔وزیراعظم عمران خان کا بیان آئے روز بدلتا رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنرل(ر) راحیل شریف کو وزارت دفاع سے این او سی جاری کیا گیا تھا اور اس معاملے پر وزیراعظم سے بھی پوچھا گیا تھا ۔