لاہور(این این آئی) وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق غریب افراد کی سہولت کیلئے مسافر خانوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت صرف60دن میں لاہور میں 5 مسافر خانے تعمیر کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان خان بزدار نے اس منصوبے کی باقاعدہ منظوری دی۔ وز یراعلیٰ نے کہا کہ عام آدمی کی فلاح و بہبود پاکستان تحریک انصاف کی
اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کوئی بھی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسافر خانوں کی تعمیر کا بنیادی مقصد لاہور آنے والے غریب افراد کو رہائش فراہم کرنا ہے تاکہ غریب آدمی شدید سردی کے موسم میں کھلے آسمان تلے فٹ پاتھ پر نہ سونا پڑے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد اس کا دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھایاجائے گا۔