اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فوادحسین نے کہاہے کہ سپریم کورٹ میں ہوشر با انکشافات ہوئے ہیں ٗ پوری قوم چیف جسٹس کے پیچھے کھڑی ہے ٗ ہمیں شریف فیملی کے خلاف مقدمات کی حقیقت اور نوعیت کا علم ہے ٗ نوازشریف کے وکیل غیرجانبداری سے بات کریں تو ہمارے موقف کے حامی ہوں گے ٗکالے دھن کو سفید کرنے والوں کے چہرے پیلے پڑے ہوئے ہیں ٗ
وزیراعظم اور پاکستان کا اداروں کے عزم میں کمی نہیں آئیگی ٗاپوزیشن میں جو چور اور ڈاکو نہیں انہیں ڈرنے کی ضرورت نہیں ۔ ایک ویڈیو بیان میں وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ سپریم کورٹ میں ہوشربا انکشافات ہوئے ہیں ٗچیف جسٹس عوامی مفاد میں مقدمات کی سماعت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس پاکستان میں ایک تاریخ رقم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم چیف جسٹس کے پیچھے کھڑی ہے۔چودھری فواد نے کہا کہ ہم دو سال سے کہہ رہے تھے کہ نوازشریف جیل جائیں گے ۔چوہدری فواد نے کہاکہ ہمیں شریف فیملی کے خلاف مقدمات کی حقیقت اور نوعیت کا علم ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے وکیل غیرجانبداری سے بات کریں تو ہمارے موقف کے حامی ہوں گے۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ نواز شریف کے وکلاء نے تو کروڑوں روپے فیس لے رکھی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ اپوزیشن کے پاس کوئی نظریہ ہے نہ قیادت۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صرف اپنے پیسے بچانے کے لئے سیاست کر رہی ہیں۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ کالے دھن کو سفید کرنے والوں کے چہرے پیلے پڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم اور پاکستان کا اداروں کے عزم میں کمی نہیں آئے گی۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ تمام ادارے آزادانہ طور پر کام کر رہے ہیں انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد پاکستان کو آگے لے کر جانا اور کرپشن کا خاتمہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن میں جو چور اور ڈاکو نہیں انہیں ڈرنے کی ضرورت نہیں، جنہوں نے گاجریں کھائی ہیں ان کے پیٹ میں تو مروڑ ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ جن کے پیٹ مروڑ اٹھ رہے ہیں اس کا ہم کچھ کر نہیں سکتے۔وزیراطلاعات نے کہا کہ جس طریقے سے معاملات چل رہے ہیں اسی طریقے سے چلیں گے۔