لاہور (ا ین این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور انکے بھائی خواجہ سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 14 نومبر تک توسیع کردی۔ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے اور عبوری ضمانت میں مزید توسیع کی درخواست دی۔وکیل نیب نے عدالت میں کہا کہ آشیانہ اور ریلوے اسکینڈل میں سعد رفیق کو گرفتار نہیں کر رہے۔ خواجہ سعد رفیق کی گرفتاری کے خدشات غلط ہیں۔عدالت نے کہا کہ آشیانہ یا ریلوے اسکینڈل میں
گرفتاری مطلوب ہو تو پہلے آگاہ کریں، وارنٹ گرفتاری جاری ہوں تو دونوں بھائی رجوع کر سکتے ہیں۔عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 14نومبر تک توسیع کرتے ہوئے نیب کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا ۔یاد رہے کہ خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے دونوں کی 24اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 5، 5لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔