اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر فیصل واوڈا تمام حدود کراس کر گئے، ن لیگ کی خاتون رکن عظمیٰ بخاری کے بارے میں لائیو پروگرام میں غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے خاتون ہونے کا بھی لحاظ نہ کیا اور ن لیگ کی عظمیٰ بخاری کے بارے میں غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کئے
جس پر عظمیٰ بخاری نے بھی فیصل واوڈا کو کھری کھری سنا دی۔ فیصل واوڈا نے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اس شو پر دیکھ رہا تھا کہ بے شرمی، بے حیائی اور ڈھٹائی کی جا رہی ہے، میں بڑی سیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں ، ن لیگ کو یہ کورس کہاں سے ملا ہے؟پیدائشی ہے ، ان کے خون میں شامل ہے؟یا حکومت کرتے کرتے اتنے ڈھیٹ ہو گئے ہیں۔ فیصل واوڈا کے ان غیر پارلیمانی الفاظ کے استعمال پر عظمیٰ بخاری بھی تپ گئیں اور انہوں نے فیصل واوڈا کو کہا کہ اپنی حد میں رہو، اپنی زبان کو درست کرو، میں نے بہت برداشت کر لی ہے تمہاری بدتمیزی، عظمیٰ بخاری نے فیصل واوڈا کو بدتمیز انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمہیں بات کرنا آتی ہی نہیں تمہارے پاس کسی سیاسی بات کا جواب ہی نہیں ہوتا اور آجاتے ہوئے بات کرنے میں نے پورے پروگرام میں تمہیں بہت برداشت کیا ہے، جس پر فیصل واوڈا عظمیٰ بخاری کو اپنی حدود میں رہنے کا کہتے رہے۔ فیصل واوڈا کا اس موقع پر کہنا تھا کہ آپ کیا کرینگی ، مجھے اٹھوا لینگے اپنے گلو بٹوں سے ، جائو جا کر جو کرنا ہے کرو، جائو جا کر گھر میں چولہا چوکھا کرو، اس موقع پر فیصل واڈا کا کہنا تھا کہ ہمیں بے شرمی، بے غیرتی کی جانب نہ لے جایا جائے ہم اتنے ڈھیٹ نہیں ، ہمیں اپنی عزت پیاری ہے جس پر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اب قبضہ گروپ والے ہمیں بتائیں گے۔ اس موقع پر صورتحال خراب ہونے پر پروگرام کے میزبان جاوید چوہدری نے پروگرام کو مزید جاری نہ رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں اس پروگرام کو اس طرح کی صورتحال میں مزید جاری نہیں رکھ سکتا۔ جاوید چوہدری نے اس موقع پر دونوں رہنمائوں کو کہا کہ دونوں تہذیب کے دائرے میں رہ کر بات کریں دونوں پڑھے لکھے ہیں۔