کراچی(آئی این پی)شہر میں ایچ آئی وی (ایڈز )کا مرض بڑھنے لگا ،شہر کے بڑے سول ہسپتال میں روزانہ 6 مریض رپورٹ ہورہے ہیں ،اس بارے میں ایچ آئی وی شعبے کے ذمہ دار ذرائع نے آئی این پی کو بتایا ہے کہ پہلے ہفتے 2 ہفتے میں کوئی مریض آتا تھا ،اب یہ سلسلہ بڑھتے ہوئے روز کی سطح تک پہنچ گیا ہے جو باعث تشویش ہے،ذرائع کے مطابق ابتدا میں مریض شرم اور خوف کی وجہ سے مرض کو چھپاتے ہیں ،تاہم حالت بگڑنے پر ہسپتال کے متعلقہ شعبے سے رابطہ کیا جاتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہسپتال میں کراچی کے علاوہ اندرون سندھ سے بھی علاج کی غرض سے مریض آتے ہیں ،ذرائع نے ایک سوال پر بتایا کہ میل فی میل کی تعداد بتانے سے لوگوں میں خوف پیدا ہوگا ،اس لئے جنس کے بارے میں بتایا نہیں جاسکتا ہے۔ اس خطرناک مرض کے بارے میں عوام میں آگاہی مہم ضروری ہے،اس سلسلے میں طبی ماہرین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس موضی مرض کی روک تھام اور عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے موثر کردار ادا کریں۔