لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب ) کو گرفتار کرنے سے روک دیا ۔ گزشتہ روز جسٹس علی باقر علی نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی ۔کیپٹن (ر) محمد صفدر کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ نیب کے پی کے نے طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے جس میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کس کیس میں طلب کیا گیا ہے،خدشہ ہے کہ نیب گرفتار کر لے گا لہٰذا معزز عدالت سے
استدعا ہے کہ حفاظتی ضمانت منظور کرنے کا حکم دیتے ہوئے گرفتاری سے روکا جائے ۔ دوران سماعت محمد صفدر کے وکیل نے بتایا کہ نیب کی جانب سے دو نوٹس بھیجے گئے لیکن دونوں بروقت موصول نہ ہوسکے، ۔محمد صفدر کی طبیعت ناساز ہے جس کی تفصیلات درخواست کے ساتھ لف ہیں۔عدالت سے استدعا ہے کہ 20دن کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔تاہم عدالت نے 10 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو کیپٹن (ر) صفدر کی کو گرفتار کرنے سے روک دیا ۔