لاہور ( این این آئی)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئی ۔ تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے نجی ٹی وی چینل پرجو بیان دیا ہے وہ حقیقت پر مبنی ہے،شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے مقدس ایوان میں جھوٹ بولا ہے ، نیب نے انہیں
خواجہ آصف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کا کہا ہے جبکہ وہ نیب میں خواجہ آصف کے خلاف نندی پور پاور پلانٹ کی مرمت کا ٹھیکہ دینے کے حوالے سے پہلے ہی بیان دے چکے ہیں۔ شہباز شریف جھوٹ بولنے کی وجہ سے اب صادق اور امین نہیں رہے۔ وہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 62ون ( ایف ) کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ اس بناء پر ان کے خلاف سخت سے سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے اور ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت منسوخ کی جائے۔