اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان پیر کی سہ پہر 2 روزہ سرکاری دورے سعودی عرب روانہ ہو گئے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد ان کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پرسرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کیلئے سعودی عرب کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں۔ وہ ریاض میں’ مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع‘کے عنوان سے بین الاقومی
کانفرنس میں شرکت کریں گے۔کانفرنس میں دنیا بھر سے ممتاز کاروباری شخصیات، سرمایہ کار، بڑی کاروباری کمپنیوں اور ہائی ٹیک انڈسٹری کے نمائندگان شرکت کررہے ہیں۔ کانفرنس کو ’صحرا میں ڈیوس‘ کا نام دیا گیا ہے۔یہ کانفرنس ان اہم کاروباری رہنماؤں کے ساتھ رابطے کاموقع فراہم کریگی جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔دورے کے دوراان وزیراعظم سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے بھی ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔