لاہور(آئی این پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امورنعیم الحق نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری چند ہفتوں میں قانون کا ہاتھ اپنے گریبان تک پہنچتا دیکھ کر گھبراگئے ہیں اور اسی بوکھلاہٹ میں حکومت پر حملے کی کوشش کی جارہی ہے ،ہم نے کسی بھی کرپٹ آدمی کو نہیں چھوڑنا اور حکومت میں آنے کے بعد ہمارے پاس لوٹ مار کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے بہت سے شواہد آ گئے ہیں ۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی پریس کانفرنس پر اپنے رد عمل میں نعیم الحق نے کہا کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی گزشتہ حکومت میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 600ارب کے بجٹ میں سے 300ارب روپے کا غبن کر لیا گیا ۔ پی ٹی آئی کی حکومت کا واضح موقف ہے کہ ہم نے کرپٹ افراد کو کسی صورت نہیں چھوڑنا ۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے دس سالوں میں ملک کو بیدردی سے لوٹا ہے جس کی وجہ سے ہر ادارہ زبردست خسارے کا شکار ہے ،گزشتہ دس سالوں کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ آج خزانہ خالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری بوکھلا گئے ہیں اس لئے حکومت پرحملے کوشش کی جارہی ہے ۔ موجودہ حکومت کو تو ابھی آئے ہوئے دو ماہ ہوئے ہیں اور ہماری مختلف امور پر گرفت مضبوط ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے کہ لوٹ مار کرنے والے جو کھلم کھلا پھررہے ہیں ہم نے انہیں چھوڑنا نہیں اور حکومت میں آنے کے بعد ہمارے پاس ایسے شواہد آگئے ہیں جن سے ان کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی اور اسی بوکھلاہٹ کی وجہ سے حکومت کے خلاف اعلانات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے فرشتے بھی حکومت کے خلاف اسمبلی میں کوئی قرارداد منظور نہیں کرا سکتے انہیں اپنے گریبان میں منہ ڈال کر جھانکنا چاہیے ۔ ہم آئندہ چند روز تک سابقہ ادوار کی لوٹ مار کے حقائق عوام کے سامنے لائیں گے۔