اسلام آباد(آئی این پی ) بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی میں ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہونے کی کوشش سے روکنے پر سیکیورٹی اہلکاروں کو دھمکیاں دینے والی خاتون ڈاکٹرشہلا کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا،ڈاکٹر شہلا شکیل پر کار سرکار میں مداخلت اور اہلکاروں کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ڈپلومیٹک انکلیومیں پولیس کو دھمکیاں دینے والی خاتون ڈاکٹر شہلا کو راولپنڈی ڈی ایچ اے فیزٹو سے گرفتار کرکے تھانہ وومن اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔خاتون کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور نازیبا الفاظ استعمال کرنے کا مقدمہ درج تھا۔وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو واقعے کی تفتیشی رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ذرائع کے مطابق شہلا شکیل سیٹھی امریکا میں ڈاکٹر رہی ہیں، جو حال ہی میں وطن آئی ہیں۔17 اکتوبر کو پیش آنے والے اس واقعے کا مقدمہ ڈپلومیٹک انکلیو کی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسر کی جانب سے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کروایا گیا تھا۔مذکورہ پولیس افسر نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ڈاکٹر شہلا نامی خاتون نے بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی کے ساتھ ڈپلومیٹک انکلیو کے اندر جانے کی کوشش کی اور روکنے پر پولیس اہلکاروں کے ساتھ نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ انہیں گاڑی اوپر چڑھانے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ڈاکٹر شہلا شکیل پر کارِ سرکار میں مداخلت اور اہلکاروں کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔پولیس شہلا شکیل سیٹھی کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرکے ان کے ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔