لاہور(آن لائن) پاکستان میں بسنے والی سکھ کمیونٹی نے موٹرسائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ کی پابندی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پگڑی ان کے سرکا تاج اورمذہبی معاملات کا حصہ ہے تاہم وہ پگڑی کے اوپرکوئی اور چیز پہننے کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے سیکریٹری جنرل سردارگوپال سنگھ چاولہ کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات سر آنکھوں پر لیکن دنیا بھر میں سردار جو پگڑی پہنتے ہیں یہ ایک طرح کا ہیلمٹ ہی ہے۔ ہیلمٹ پہننے کا مقصد
بھی یہ ہوتا ہے کہ خدانخواستہ کسی حادثے کی صورت میں سرچوٹ لگنے سے محفوظ رہ سکے۔انہوں نے بتایا بھارت سمیت ایسے تمام ممالک جہاں سکھ کمیونٹی آباد ہے وہاں خاص قسم کی عینک تیارکی جاتی ہے جس سے چہرہ ڈھانپنے میں مدد ملتی ہے۔واضع رہے کہ سکھوں کے احتجاج کی وجہ سے ہمسایہ ملک بھارت میں سپریم کورٹ نے سکھوں کے ہیلمٹ پہننے کی پابندی ختم کردی ہے۔سکھ رہنما ؤں نے بتایا کہ اگرحکومت نے ان کی درخواست نہ مانی توپھرا س حوالے سے قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔