لاہور ( این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی و سابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے پہلے پچاس دنوں میں ریلوے کمائی میں ایک ارب اضافہ کی کہانی کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز میں کل آمدنی کا فوری حساب لگانے کا نظام ہی موجود نہیں ،جلن اور حسد لاعلاج امراض ہیں ،وزیر ریلوے ہماری محنت برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر ریلوے شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر ریلوے الزام تراشی سے گریز کریں ،ریلوے سٹیشنز کی تعمیرِ نو اور تزئین پر لگا پیسہ ضائع نہیں ہوا ، ہمارے دور میں کو ریلوے انجن مہنگے دام نہیں لیا گیا ،دیانتداری لگن اور توجہ سے مردہ ریلوے کو نہ صرف زندہ کیا بلکہ میرٹ کی اعلی مثالیں قائم کیں۔شرطیہ کہتا ہوں کہ تم نے ریلوے خسارہ میں اضافہ کیا،کچھ روز بعد انشا اللہ تین ماہ کا اکٹھا حساب مانگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پچاس دنوں میں ریلوے کما میں ایک ارب اضافہ کی کہانی جھوٹ ہے کیونکہ پاکستان ریلویز میں کل آمدنی کا فوری حساب لگانے کا نظام ہیں موجود نہیں۔بغیر منصوبہ بندی خسارے میں چلنے والی ٹرینوں کا اجرء ریلوے خسارہ بڑھا دے گا،مسافر ٹرینیں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں ، ریلوے مینجمنٹ پر سخت سیاسی دباؤ ہے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیر ریلوے ہماری محنت برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں،وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران میرے دور کی کارکردگی کا ذکر گول کر دیا گیا،جلن اور حسد لاعلاج امراض ہیں ۔انشاء اللہ جلد قومی اسمبلی میں ملاقات ہو گی۔