اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کی حکومت آنے سے قبل پی ٹی آئی کی قیادت مولانا فضل الرحمان کو آڑے ہاتھوں لیتی تھی اور ان پر شدید تنقید کی جاتی تھی، دوسری جانب مولانا فضل الرحمان بھی کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے تھے وہ بھی عمران خان پر تنقید کرنے میں پیش پیش رہے، یاد رہے کہ حال ہی میں کوئٹہ میں ہونے والے جلسے کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ اس حکومت کو ماننے کو دل نہیں کرتا، انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ عمران خان کو وزیراعظم کہنا کرسی کی
توہین ہے لیکن ان تمام باتوں کے باوجود تحریک انصاف نے اختلافات ختم کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کو منانے کا فیصلہ کر لیا ہے، یہ فریضہ مرکزی قیادت نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو سونپا ہے۔ نجی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر جیسے ہی عمرہ سے واپس آئیں گے وہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے ان کے گھر جائیں گے، ان سے ملاقات میں وہ مولانا فضل الرحمان کو اپنے سخت گیر موقف میں نرمی لانے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔