لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب میں 647 شہریوں کی حفاظت کیلیے صرف ایک پولیس اہلکار موجود ہو نے کا انکشاف ہواہے، ہفتہ کو سینٹرل پولیس آفس لاہور سے تمام اضلاع کے افسران کو بھجوائے گئے ایک خط کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل اسٹیبلشمنٹ نے پنجاب پولیس کی نفری میں شدید کمی سے متعلق نشاندہی کی ہے، صوبہ بھر میں جرائم کی شرح میں اضافے کی وجہ بھی نفری کا فقدان بتایا گیا ہے،ڈی آئی جی اسٹبلشمنٹ نے تمام اضلاع کے افسران کوحالیہ مردم شماری کے لحاظ سے
پنجاب پولیس کی مطلوبہ تعداد سے متعلق معلومات جمع کرنے کی ہدایت کردی ہے،پولیس رولز 1934کے مطابق 450شہریوں کی حفاظت کیلیے ایک اہلکار کا ہوناضروری ہے، دوسری جانب تفتیش کے لیے 75درج مقدمات کی تحقیقات کے لیے 12اہلکار تعینات کئے جانے چاہیے لیکن موجودہ حالات میں ایک پولیس اہلکار 647 شہریوں کی حفاظت پر مامور ہے۔ اسی قانون پرعمل درآمد کرتے ہوئے پنجاب کے تمام اضلاع میں پولیس کی نفری بڑھانے کے لیے مزید بھرتیوں پر غور کیا جارہا ہے۔