لاہور ( نیوز ڈیسک)بھارتی انڈس واٹر کمشنر نے پنچایتی الیکشن کا بہانہ بنا کر پاکستانی ٹیم کو متنازعہ ڈیمز کا معائنہ کرنے کیلئے بھارت آنے سے روک دیا ، پاکستان انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ نے دریائے چناب پر متنازعہ ڈیمز کا فوری معائنہ کرنے کیلئے بھارت کو خط لکھ دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق بھارت دریائے چناب پر بگلیہار ،پاک دل ،لوئیر کلنائی اور رتلے سمیت دیگر ڈیمز، تعمیر کر رہا ہے ،پاکستانی ٹیم نے رواں ماہ متنازعہ ڈیمز کا معائنہ کرنا تھا ۔اس ضمن میں پاکستان انڈس
واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ نے بھارتی انڈس واٹر کمشنر سے فون پر رابطہ کیا تاہم انہوں نے پنچایتی الیکشن کا بہانہ بنا کر پاکستانی ٹیم کو بھارت آنے سے روکتے ہوئے کہا کہ بھارت میں 20 سال بعد الیکشن ہو رہے ہیں لہٰذا ابھی معائنہ نہیں کراسکتے۔ پاکستان انڈس واٹر کمشنر نے مثبت جواب نہ ملنے پر بھارت کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت دریائے چناب پر سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈیمز بنا رہا ہے ،معاہدے کے تحت بھارت متنازعہ آبی منصوبوں کا معائنہ کرانے کا پابند ہے ۔