اسلام آباد ( آن لائن) معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہاہے کہ میڈیا اس خبر کواچھالتاہے جس سے عزت پر حرف آتاہے ، تھر کول منصوبے کی انکوائری سے ہم پر کچھ بھی ثابت نہیں ہوسکے گا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا کہ تھر کول کا پاکستان کی معیشت پر بہت اچھا اثر پڑنا تھا جو اب نہیں پڑ سکتا،انہوں نے کہا کہ تھر کول پر کام کرنے والی ٹیم بہت اچھی تھی اور اس میں شامل لوگوں میں وہ لوگ شامل ہیں جو نیو کلیئر پروگرام سے ریٹائرڈ ہوئے
تھے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اس خبر کواچھالتا ہے جس سے عزت خراب ہوتی ہے اس سے قبل بھی ایک مشین کی خریداری کے معاملے میں مجھے کورٹ میں طلب کیا گیا تھا لیکن جب اس خریدار ی کا تین مرتبہ آڈٹ کروانے کے بعدبھی کچھ نہ نکلا تو میڈیا کی جانب سے یہ تو نہیں کہا گیا کہ ڈاکٹر ثمر مبارک کا دامن اس معاملے میں بالکل صاف تھا۔ انہوں نے کہا کہ تھر کول منصوبے کی انکوائری سے بھی ہم پرکچھ ثابت نہیں ہوسکے گا اور پھر میں امیدکرتاہوں کہ میڈیا حقائق عوام کے سامنے لائے گا۔