اسلام آباد (این این آئی) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے یوٹیوب کی بندش کے بھارتی اخبار کے الزام کو لغو اور بے بنیاد قرار دیدیا۔پی ٹی اے حکام کے مطابق پاکستان، انٹرنیشنل ٹیلی کمیونی کیشن کا سرکردہ رکن اور ٹیلی کام کمیونٹی کا انتہائی ذمہ دار ملک ہے۔ حکام کے مطابق یوٹیوب کی ٹریفک بدھ کے روز اچانک معطل ہونے کا معاملہ پاکستان سے نہیں ہوا بلکہ یوٹیوب کی بندش یوٹیوب کے ڈیٹا بینک کی پاور لائن میں خرابی کے باعث
ہوئی لہٰذا غیر ملکی میڈیا خبر دینے سے پہلے تصدیق کر لیا کرے۔پی ٹی اے حکام نے بتایا کہ یوٹیوب کو پاور نظام میں خرابی پر خود وضاحت کرنا ہو گی اور پاکستان نے نیٹ ورک کی بندش کے معاملے پر یوٹیوب کو وضاحت دینے کا خط بھی لکھ دیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں یوٹیوب کا نیٹ ورک اچانک چند گھنٹوں کیلئے معطل ہو گیا تھا جس پر بھارتی اور بعض دیگر عالمی ذرائع ابلاغ نے نیٹ ورک معطلی کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیا تھا۔