کراچی(این این آئی)حکومت کے تباہ حال ملکی معیشت کو سنبھالا دینے کے لئے آئی ایم ایف سے مدد لینے کے فیصلے پر ماہرمعاشیات ڈاکٹر شاہد حسین نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کی شرائط آسان نہیں ہو گی، آئندہ 2سال ملکی معیشت کے لئے سخت ہوں گے ، آئی ایم ایف کی شرائط کے اثرات کو روکنے کے لئے منی لانڈرنگ کو روکنا ہو گا۔خصوصی بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف روپے قدر میں کمی ،پیٹرول اور بجلی کی
قیمت میں اضافہ، خسارے کا شکار اداروں کی نجکاری کا مطالبہ کر سکتا ہے۔آئی ایم ایف کی ممکنہ شرائط میں بیشتر پاکستان پہلے ہی پوری کر چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی ادارے کی شرائط کے اثرات سے بچنے کے لئے منی لانڈرنگ کو روکنا ہوگا۔ڈاکٹر شاہد حسین نے کہاکہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانا وقت کی ضرورت ہے، حکومت کو ایسی پالیسی بنانی ہوگی کہ عالمی ادارے کی شرائط کا اثر غریب طبقے کے بجائے مراعات یافتہ طبقے پر پڑے۔