اسلام آباد( آن لائن )ارب پتی کینیڈین شخص کو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اہم ترین ادارے کا سربراہ لگانے کا فیصلہ کرلیا،ن لیگ بھی اسی شخص کو اس اہم عہدے پر فائز کرنا چاہتی تھی، حیرت انگیزانکشافات پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے او جی ڈی سی ایل کے ایم ڈی کے عہدے کے لئے تین امیدواروں کی لسٹ فائنل کر دی ہے اور یہ تین امیدواروں کے انٹرویو بہت جلد لئے جائیں گے۔
او جی ڈی سی ایل کے ایم ڈی کا عہدہ گزشتہ کئی ماہ سے خالی پڑا ہے اور ایڈ ہاک بنیادوں پر ایک چھوٹے گریڈ کے افسر کو نواز شریف حکومت نے ذاتی مفادات کی تکمیل کے لئے تعینات کیا تھا جو ابھی تک براجمان ہیں۔ زائد میر کے علاوہ مزید امیدواروں کے نام فائنل کئے گئے ہیں ان میں ایک کا تعلق کینیڈا کی آئل کمپنی سے ہے جو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے انتہائی معتمد خاص ہے۔ شاہد خاقان عباسی کے دور میں ایم ڈی او جی ڈی سی ایل کے عہدے کے لئے درخواستیں طلب کیں تھیں تاہم سابقہ حکومت میں اہم عہدے پرکسی شخص کو تعینات نہ کر سکی اب موجودہ حکومت نے سابقہ امیدواروں کو ہی بر قرار رکھا ہوا ہے اور تین افسران پر مشتمل ایک کمیٹی ان امیدواروں سے انٹرویو کرے گی اور تین میں سے کسی ایک شخص کو ایم ڈی کے لئے نام فائنل کرے گی۔ سابق وزیراعظم پر الزام تھا کہ ایک کینیڈا پلٹ ارب پتی شخص کو ایم ڈی کے عہدے پر تعینات کر نا چاہتے ہیں تاہم موجودہ وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم سرور خان بھی اب اس ارب پتی شخص کے رسیدہ ہو چکے ہیں اور قوی امید ہے کہ اس شخص کو ایم ڈی کا چارج دیا جائے گا۔