اسلام آباد(سی پی پی)اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے منشابم کا ایک دن کاراہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔اسلام آباد پولیس نے ملزم منشابم کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جج کوثر عباس زیدی کے روبرو پیش کیا۔پولیس نے منشا بم کی تین دن کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
عدالت نے ملزم کو لاہور کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔دوران سماعت ملزم منشابم نے عدالت سے استدعا کی کہ پولیس پر اعتماد نہیں، میرے وکیل کا انتظار کرلیا جائے جس پر جج سیدکوثر عباس زیدی نے کہا کہ کچھ دیر آپ کے وکیل کا انتظار کرلیتے ہیں۔دوران سماعت جج وقفہ لے کر واپس چیمبر میں چلے گئے، وقفے کے بعد عدالت لگی تو پنجاب پولیس اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ منشا بم نے جج کے سامنے اپنے ڈرکا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ڈرہے کہیں پولیس اہلکار مجھے مارنہ دیں۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر منشا بم کو صحافیوں نے گھیرلیا، ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آپ کا نام منشا بم کس نے رکھا؟ جس پر انہوں نے بتایا کہ یہ نام شریف گجر نامی شخص نے رکھا تھا اس کے بھائی کے ساتھ منہ ماری ہوئی تھی جس کے بعد اس نے یہ نام رکھ دیا۔ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ آپ عدالتوں میں کیوں پیش نہیں ہوئے آپ پر 80مقدمات ہیں، اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیس نے ان کے ساتھ بڑی زیادتیاں کی ہیں۔