ریاض(آن لائن) گزشتہ ہفتے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 7.1فیصد کی کمی کے بعد 70.97ڈالر فی بیرل کی طرف جاتا ہوا دیکھا گیا جس کے نتیجے میں سعودی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست مندی دیکھی گئی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 494پوائنٹس کے مدوجزر کے بعد 7530.80پوائنٹس تک گر گیا۔ کاروباری مالیت 12.8فیصد انحطاط کے بعد 14.9ارب ریال تک گر گئی۔قیمتیں گرنے سے سرمایہ کاروں کو 112ارب
ریال کا نقصان ہوا۔ انفرادی کمپنیوں میں سب سے زیادہ نقصان الوجین کو ہوا۔ جس کی قیمت 18.21فیصد گرنے کے بعد 23.80ریال پر بند ہوئی۔ ایڈوانسڈ پیٹرو کیمیکلز کی قیمت 11.33فیصد کمی کے بعد 48.15ریال پر بند ہوئی۔ تاسنی کی قدر 10.88فیصد انحطاط کے بعد 17.88ریال پر آگئی۔ دوسری جانب فائدے میں جانے والی کمپنیوں میں سعودی کیبلز کی قیمت 22.16فیصد اضافے کے بعد 33.35ریال تک بڑھ گئی۔