اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین مہم میں اسلام آباد کے سکول میں سکول کے بچوں کے ساتھ صفائی مہم کا آغاز کیا۔ عمران خان نے سکول کے بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور اس دوران بچوں کے ساتھ وقت گزارا ۔ اس دوران عمران خان نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق بھی بچوں کو آگاہ کیا اور گلوبل وارمنگ کے اثرات سے آگاہ کیا۔ عمران خان نے
سکولوں کے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب میں نے شوکت خانم کینسر ہسپتال بنانے کیلئے چندہ مہم شروع کی تو اس دوران لوگ پیسے تو دیتے تھے مگر وہ بہت کم تھے ۔ پھر میں نے سوچا اور سکول کے بچوں کے ذریعے مہم چلائی ۔ میں نے سکول کے بچوں کی ایک تنظیم بنائی جس کا نام ’’عمران ٹائیگرز ‘‘رکھا گیا اور پھر انقلاب آگیا۔اور بچوں نے گھر گھر جا کر اپنے رشتہ داروں ، والدین ، ہمسائیوں اور دوستوں سے پیسہ اکٹھا کر کے شوکت خانم کیلئے چندہ جمع کرایا اور آج میں کہہ سکتا ہوں کہ شوکت خانم کینسر ہسپتال میں جو سب سے زیادہ حصہ ڈالا وہ سکول کے بچوں نے ڈالا ۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سکول کے بچوں کو ماحول کو صاف رکھنے اور شجرکاری کی بھی ترغیب دیتے ہوئے اس کے فوائد سے آگاہ کیا۔ عمران خان نے اس موقع پر سکول کے بچوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ایک بار میری مہم شوکت خانم کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے آج پھر مجھے آپ کی ضرورت ہے اور آپ نے کلین اینڈ گرین مہم میں میرا ساتھ دینا ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل ایک تقریب میں عمران خان نے ملک بھر میں کلین اینڈ گرین مہم کے آغاز کا اعلان کیا تھا ۔ اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ کلین اینڈ گرین مہم وفاقی اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک کے بڑے شہروں میں شروع کی جائیگی۔ اس مہم کے دوران عوامی مقامات پر موجود ٹائلٹس کو بھی صاف رکھنے کی ترغیب دی جائیگی اور پٹرول پمپس کے ٹائلٹس گندے ہونے کی صورت میں سخت تادیبی کارروائی کی جائیگی۔ اس موقع پر عمران خان نے شہریوں سے اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کی بھی اپیل کی۔