اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیر صدارت گزشتہ روز نیب ہیڈکوارٹر میں جائزہ اجلاس ہوا جس میں نیب کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ نیب جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ کرپشن میں پاکستان کا نمبر 175سے کم ہو کر 116نمبر پر آگیا ہے ، نیب نے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور کرپٹ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ جسٹس(ر)جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب نے جدید ترین ڈیجیٹکل
فرانزک سائنس لیبارٹری تیار کی ہے۔ نیب کی جانب سے تیار کردہ لیبارٹری میں ڈیجیٹل فرانزک اور فنکر پرنٹ جائزہ کی سہولیات موجود ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین نیب نے اجلاس کو بتایا کہ چین نے پاکستان کو کرپشن کے خاتے کیلئے مدد فراہم کرنے کی حامی بھر لی ہے ۔ ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے مل کر چلنے کے حوالے سے پاکستان اور چین کے درمیان یادداشت پر دستخط بھی ہو گئے ہیں۔ پاکستان اور چین سی پیک منصوبے کی شفافیت کیلئے مل کر کام کرینگے۔