کراچی(آئی این پی ) روپے کی قدر غیر مستحکم ہونے سے انٹربینک مارکیٹ میں ایک ہی روز میں9 روپے سے زائداضافے کے ساتھ ڈالر 134روپے سے بھی تجاوز کرگیا، ڈالر کی قدر بڑھنے کا سبب آئی ایم ایف کی متوقع شرائط پر مزید ڈی ویلیوایشن ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کے فیصلے کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 9روپے سے زائدکا اضافہ ہوگیا، ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 134روپے کیساتھ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر بڑھنے کا سبب آئی ایم ایف کی متوقع شرائط پر مزید ڈی ویلیوایشن ہے۔معاشی تجزیہ کار وں کے مطابق ڈالر کی قیمت میں اضافے کی ایک وجہ حکومت کا آئی ایم ایف سے قرض لینے کا فیصلہ بھی ہے۔ حکومت کی جانب سے انٹرسٹ ریٹ میں اضافہ اور دیگر اقدامات آئی ایم ایف میں جانے سے پہلے کے اقدامات ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف)سے بیل آٹ پیکج لینے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے وزیراعظم عمران خان نے فوری مذاکرات کی منظوری بھی دے دی۔