اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اور نگزیب نے کہاہے کہ عمران صاحب !رونا چھوڑیں ٗ بتائیں غریبوں سے روٹی کا نوالہ کیوں چھینا ٗ بجلی گیس کیوں مہنگی کی ؟شہباز شریف کی گرفتاری کے پہلے ہی دن آپ کی گھبراہٹ عیاں ہے ٗ دوماہ میں لوٹا ہوا کتنا مال واپس آیا ؟عمران خان کی کابینہ دوستوں اور حواریوں پر مشتمل ہے، تاریخ میں کرپٹ ترین کابینہ ثابت ہوگی ٗعوام کو بتائیں کہ خیبرپختونخواہ کا 45ارب کا
قرض کیوں لیا اور کہاں گیا؟خیبرپختونخوا کی 65ارب کی بجلی چوری کیوں نہیں پکڑی؟ ٗ2017 اور2018 میں خیبرپختونخوا حکومت کا کل 55ارب روپے کا خسارہ تھا ٗاس کے بارے میں قوم کو کب بتائیں گے؟۔ اتوار کو وزیر اعظم عمران خان کی پریس کانفرنس پررد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران خان دائیں بائیں دیکھیں، وہ کرپشن کی زندہ علامتوں کے محافظ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب! رونا چھوڑیں ٗبتائیں غریبوں سے روٹی کا نوالہ کیوں چھینا؟ بجلی گیس کیوں مہنگی کی؟عمران صاحب!شہبازشریف کی گرفتاری کے پہلے ہی دن آپ کی گھبراہٹ عیاں ہے؟عمران صاحب دو ماہ میں لوٹا ہوا کتنا مال واپس آیا؟ ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی ملازمین کے اکاؤنٹس میں ہنڈی کے ذریعے آنیوالی کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ پر عمران خان تحقیقات کیوں نہیں کراتے جس کی4 سال پہلے ہی نشاندہی ہوچکی ہے جس پر پردہ ڈالنے کیلئے پانچویں رٹ پٹیشن اسلام آبادہائیکورٹ میں کی ہوئی ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہا کہ جسٹس (ر) وجیہہ ، جنرل (ر) حامدخان اور اکبر بابر نے پی ٹی آئی کے اندر جس کرپشن کی نشاندہی کی تھی ٗاس پر کارروائی کرنے کے بجائے وسل بلوائیرز کو ہی نشان عبرت کیوں بنادیاگیا؟مریم اور نگزیب نے کہا کہ9ارب ڈالر کی دوبئی میں پراپرٹیز پاکستانیوں نے خریدی ہیں، اس میں 60ارب روپے کی جائیداد عمران خان کی اپنی بہنوں کی ہے جن کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں
ماسوائے اس کے کہ خیراتی اداروں کے بورڈز کی ارکان ہیں ٗان کی تحقیقات کب شروع کریں گے؟۔ مریم اور نگزیب نے کہا کہ 22سال تبدیلی کے نام نہاد دعوے کے بعدایک ایسا شخص وزیراعلی بنادیا جو ایک ماہ پہلے ہی پارٹی میں شامل ہوا تھا۔عثمان بزدار کوغربت کی وجہ سے عہدہ دیا تو بلوچستان سب سے غریب صوبہ ہے وہاں نواب کو وزیراعلی کیوں بنایا؟دعوی تھا بجلی،گیس چوری ختم کرنیکا لیکن حکومت ملتے ہی نیازی صاحب نے
غریبوں کا گلا دبا دیا ٗاداروں کو فعال بنانے کے بجائے مخالفین کے انتقام پر لگادیا۔مریم اور نگزیب نے کہا کہ عمران خان کی کابینہ دوستوں اور حواریوں پر مشتمل ہے، تاریخ میں کرپٹ ترین کابینہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ چین میں آج بھی سب سے زیادہ کرپشن پر سزائے موت دی جاتی ہے وہ دنیا کی دوسری بڑی معاشی قوت بن چکا ہے، معاشی پالیسیوں سے قومی آمدن بڑھائی، ڈرامہ بازی اور تماشے نہیں کئے۔ عمران صاحب آپ اس طرح کی
پریس کانفرنس سے اپنی کارکردگی سے عوام کی توجہ نہیں ہٹاسکتے ٗکرپشن کے نام پر غریب کے منہ سے روٹی چھینی ہے اسے چھپانے کی کوشش نہ کریں ٗعوام کو یہ بھی بتائیں کہ خیبرپختونخواہ کا 45ارب کاقرض کیوں لیا اور وہ کہاں گیا؟خیبرپختونخوا کی 65ارب کی بجلی چوری کیوں نہیں پکڑی؟ ٗخیبرپختونخوا کی میٹرو کی کرپشن 80ارب پر کیسے پہنچی؟انہوں نے کہاکہ ذوالفی بخاری ، علیمہ خان، علیم خان، جہانگیر ترین کی بیرون
ملک پراپرٹی کی نیلامی کی تاریخ بتائیں؟اپنے 100دن کے پلان کی نکلتی ہوئی ہوا نہ چھپائیں۔مریم اور نگزیب نے کہا کہ عمران صاحب ! اب بڑھکیں نہ ماریں اور لوٹا پیسہ واپس لائیں ٗعمران صاحب ! نوازشریف کے 300ارب واپس لائیں یا پھر معافی مانگیں ٗعمران صاحب نیب کو اپنے سیاسی انتقام کیلئے استعمال کرنے سے آپ کی نااہلی اور ملک دشمنی چھپ نہیں سکتی ٗاحتساب کمیشن کے 6ارب کدھر گئے؟عمران صاحب پھر وہی رونا وہی جھوٹ اور
پھر وہی تماشا ٗآپ کا، آپکی بہنوں، دوستوں اور حواریوں کا نام بیرون ملک جائیدادیں بنانے والوں میں سرفہرست ہے۔ قوم انتظار میں ہے کہ کب آپ یہ سرمایہ واپس لوٹائیں گے؟انہوں نے کہاکہ 2016 اور 2017 میں صرف ایک سال میں پیسکو کے بجلی نقصانات اور بلوں کی وصولی میں 48فیصد خسارہ کا سامنا رہا ٗپیسکو کو 130ارب روپے کی بجلی ملی جس میں سے 60ارب روپے کا مجموعی نقصان ہوا ٗ2017 اور2018 میں خیبرپختونخوا
حکومت کا کل 55ارب روپے کا خسارہ تھا۔ اس کے بارے میں قوم کو کب بتائیں گے؟مالی سال 2017اور2018 میں خیبرپختونخوا حکومت کا غیرملکی قرض پچاس ارب روپے سے زائد تھا ٗگیس کی قیمتوں میں تاریخی اضافے کا قوم پر بوجھ نہ پڑتا اگر خیبرپختونخوا میں صرف کرک اور کوہاٹ والے ہی گیس کے بلوں کے واجبات اداکردیتے تو گیس کی قیمتوں میں یہ اضافہ نہ کرنا پڑتا۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب !قوم کو جواب دیں کہ سٹاک ایکسچینج 40 فیصد کیوں اور کیسے نیچے گئی ہے؟