اسلام آباد( آن لائن) وفاقی حکومت نے سی پیک کے تحت پاکستان میں قائم ہونے والے خصوصی اکنامک زونز میں چین سمیت دیگر ممالک سے صنعتیں منتقل کرنے اور نئی صنعتیں لگانے کیلئے جلد خصوصی مراعاتی پیکیج لانے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان نے چینی حکام کی مشاورت سے مراعاتی پیکیج کا مسودہ تیار کرلیا ہے تاہم کچھ وفاقی اداروں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے جس کیلئے سرمایہ کاری بورڈ کو مراعاتی پیکیج کو حتمی شکل دینے کی ذمے داری دی گئی ہے،فیصلہ ورکنگ گروپ کے گزشتہ روز اجلاس میں کیا گیا۔
اسی اجلاس کے دوران چینی حکومتی سرمایہ کار کمپنیوں کو اپنی صنعتیں چین سے ان خصوصی اکنانک زونز میں منتقل کرنے اور نئی صنعتیں لگانے میں سرمایہ کیلیے پرکشش مراعاتی پیکیج متعارف کرانے کا بھی معاملہ زیر غور ہے۔ذرائع کے مطابق سرمایہ کاری بورڈ کو بلاتاخیر مراعاتی پیکیج تیار کرکے منظوری کیلئے سفارشات پیش کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مراعاتی پیکیج لانے کا فیصلہ سی پیک کے تحت صنعتی تعاون کے حوالے سے قائم ورکنگ گروپ کے حالیہ اہم اجلاس میں کیا گیا۔