اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے لیگی رہنما رانا مشہود کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھواں اٹھ رہا ہے تو کچھ نہ کچھ ضرور ہوگا ٗ گورنر ہائوس کو یونیورسٹی بنانے کی ضرورت نہیں ہے ٗساری باتیں تھوڑے دنوںکی واہ واہ ہیں ٗحکومتیں صرف بیانات سے نہیں چلتیں ۔بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کے بیان کے بعد پورے ملک میں گلی محلوں میں نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔
گو کہ مسلم لیگ (ن) نے تردید کی ہے مگر کچھ بات ہے جس کی پردہ داری ہے جس کا اظہار رانا مشہود نے کیا ہے پارلیمنٹیرین اتنا غیر ذمہ دار نہیں ہو سکتا،دھواں اٹھ رہا ہے توکچھ نہ کچھ ضرور ہوگا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ رانا مشہود نے اپنے بیان کی تردید نہیں کی۔ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ یونیورسٹیوں کی حالت زار بہتر بنانے، سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ گورنر ہائوس کو یونیورسٹی بنانے کی ضرورت نہیں ہے ٗساری باتیں تھوڑے دنوں کی واہ واہ ہیں۔ صرف بیانات سے حکومتیں نہیں چلتیں۔