اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے ٹاسک فورس کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا کے انضمام کے عمل میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے، فاٹا کے عوام کو باقی شہریوں کے برابر حقوق حاصل ہیں، ان کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائینگے۔جمعہ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت فاٹا ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں گورنر اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا ،وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا نور الحق ، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، انسپکٹر جنرل پولیس ، فاٹا سیکرٹریٹ اور پاکستان آرمی کے سینئر نمائندگان نے شرکت کی ۔ وزیراعظم نے فاٹا کے عوام کو باقی شہریوں کے برابر حقوق حاصل ہیں ، ان کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جاینگے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا میں انتظامی ، قانونی، بلدیاتی اور ترقیاتی انضمام کیلئے تیز تر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ تمام اداروں کو مل کر کام کرنے کی ضررور ت ہے کیونکہ سب کا مقصد فاٹا کے عوام کی فلاح وبہبود ہے ۔وزیراعظم نے ٹاسک فورس کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے انضمام کے عمل میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا میں تمام منصوبوں پر کام مقررہ مدت میں شفافیت کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی خدمت کے نتیجے میں صوبے میں دوبارہ حکومت آنے کے بعد عوام کی توقعات مزید بڑھ گئی ہیں جس کیلئے تمام وزراء کو محنت کرنی پڑیگی۔ جمعہ کو وزیراعظم عمران خان سے خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ کے اراکین نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں گورنر اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر وزیراعظم کو صوبے میں جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا میں جاری تمام منصوبوں پر کام اپنے مقررہ مدت میں شفافیت کیساتھ مکمل ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور بی آر ٹی اور سوات موٹروے بر وقت مکمل کیا جائے ۔وزیر اعظم نے خیبر پختونخوا میں سیاحت کے مزید فروغ کیلئے مزید اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے نتیجے میں صوبے میں دوبارہ حکومت آنے کے بعد عوام کی توقعات مزید بڑھ گئی ہیں جس کیلئے تمام وزراء کو محنت کرنی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ہسپتالوں کے بورڈز کی تشکیل اور انتظامی اصلاحات جلد مکمل کی جائیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرز پر صوبائی حکومت بھی ناجائز تجاوزات کیخلاف کارروائی کرے اور قومی صفائی مہم میں بھر پور طریقے سے ساتھ دے ۔ وزیر اعظم نے صوبائی کابینہ اراکین کو بلدیاتی نظام کے بارے میں اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کے مفاد کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی ۔