اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ (ن) نے مطالبہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی کو ماضی کے روایت کے مطابق دیاجائے، اگر حکومت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ اپنے پاس رکھتی ہے تو حکومت کے اخراجات کا حساب کیسے ہو گا۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہاکہ حکومت کی طرف سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی صدارت اپنے رکھنے کاجواز نہیں بنتا۔
ماضی میں جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی اپوزیشن کے پاس پی اے سی کی کمیٹی کی صدارت تھی اور خورشید شاہ اس کے چیئرمین تھے۔ حکومت ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے طے شدہ فارمولا کے تحت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی اپوزیشن جماعتوں کو بھی دے۔ انہوں نے کہاکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا کام حکومت کے اور اس کے ماتحت اداروں کے اخراجات کا احتساب کرنا ہوتا ہے اوراداروں میں بے قاعدگیوں کا نوٹس لیا جاتا ہے۔ اگر حکومت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی صدارت اپنے پاس رکھتی ہے تو حکومت اور ماتحت اداروں کا احتساب کیسے ہو سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے انتخابات میں جو وعدے کئے تھے اب انہیں پورا کرے اور کفایت شعاری کی مہم سے جمع ہونے والے اربوں روپے عوام پر خرچ کرے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے صنعتی پیداوار اور گھریلو اخراجات بڑھیں گے جس سے عام آدمی پربوجھ بڑھے گا۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم بھارت کے خلاف میچ میں کامیابی حاصل کرے گی۔ ہمیں کھیل کو کھیل سمجھنا چاہیے۔