لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹائون شپ میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر انتظام ادارے ’’کاشانہ‘‘ اور سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں بے سہارا بچوں کیلئے قائم ادارے گہوارہ، خصوصی افراد کیلئے قائم ادارے نشیمن، بے سہارا بزرگوں کیلئے قائم ادارے عافیت ، ذہنی امراض میں مبتلا افراد کے ادارے دارالسکون اور ذہنی معذور بچوں کے ادارے چمن کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ دو گھنٹے تک ان اداروں میں رہے اورانہوںنے بے سہارا اور معذور بچوںوبچیوں کے ساتھ وقت گزارا اوران کے
ساتھ شفقت کا اظہار کیا اور انہیں پیار کیا۔ وزیراعلیٰ نے عافیت میںرہائش پذیر بزرگ مرد و خواتین سے ملاقات کی اوران کے مسائل پوچھے۔بزرگوں نے وزیراعلیٰ کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا اوران سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آج تک کوئی وزیراعلیٰ یہاں نہیں آیااورآپ کا یہاں آنا حقیقی تبدیلی ہے اوریہی عمران خان کا نیا پاکستان ہے۔بزرگ مردوخواتین نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو دعائیں دیں اوران کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیااورکہا کہ آپ نے یہاں آ کر ہمارے مسائل سنے اور دلجوئی کی۔