اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ن لیگ کے دو سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی سمیت ڈان کے صحافی سرل المیڈا کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر لاہورہائیکورٹ میں سماعت، صحافی سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق آج لاہور ہائیکورٹ میں ن لیگ کے دو سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی
سمیت ڈان کے صحافی سرل المیڈا کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے صحافی سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز کو آئندہ سماعت پر صحافی سرل المیڈا کی پیشی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈان کے صحافی سر المیڈا، نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف متنازعہ انٹرویوکی وجہ سے بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ نواز شریف نے نجی اخبار کے رپورٹر کو دئیے گئے اپنےایک انٹرویو میں ملکی اداروں کے خلاف گفتگو کی جبکہ ملکی راز بھی افشا کئے جبکہ بطور وزیراعظم شاہد خاقان نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کی معلومات اپنے حلاف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فراہم کیںلہٰذا ان کے خلاف بغاوت کے الزام کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔خیال رہے کہ صحافی سرل المیڈا وہ صحافی ہیں جن کا ایک متنازعہ آرٹیکل ڈان لیکس کے حوالے سے سامنے آچکا ہے ۔یہ وہی آرٹیکل ہے جس کی وجہ سے سابقہ ن لیگ کی حکومت کے وزیر اطلاعات پرویز رشید، معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور دیگر کو استعفیٰ دینا پڑا تھا۔