لاہور(آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ اور سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی انتھک محنت اور شب و روز کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سردار عثمان بزدار ٹیم لیڈر ہیں اور پوری ٹیم کو ان کی قیادت میں تبدیلی کیلئے کام کرنا ہے کیونکہ لوگوں کی توقعات بہت بڑی ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو ہدایت کی کہ آپ سرکاری محکموں کو چیک کریں اور ان کی کارکردگی کا تجزیہ کرکے بہتری کی تجاویز سامنے لائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میچ جیتنے کیلئے ٹیم لیڈر کا وژن کام کرتا ہے۔ میچ بڑے کھلاڑیوں سے نہیں بلکہ جیت کے جذبے سے جیتا جاتا ہے اور پنجاب میں عثمان بزدار ٹیم لیڈر ہیں اور ان کی سربراہی میں سٹیٹس کو کے خلاف میچ جیتنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پہلی مرتبہ پنجاب میں ایک ایسا وزیراعلیٰ آیا ہے جو ایماندار ہے اور اس کا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے لیکن یہ سب کو عزت دیتا ہے۔ صبح سے شام تک اور ہفتے کے سات دن عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور آپ کیلئے موجود ہوتا ہے۔