راولپنڈی(نیوز ڈیسک) آئی جی جیل خانہ جات کی تحقیقاتی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں سرچ آپریشن شروع کرتے ہوئے اٹک ‘ جہلم اور چکوال کی جیلوں سے 200 اضافی اہلکار طلب کر لئے۔ ہفتہ کو جیل ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل سے نواز شریف کی تصویر لیک ہونے کے معاملے پر آئی جی جیل خانہ جات کی تحقیقاتی کمیٹی نے اڈیالہ جیل میں سرچ آپریشن شروع کیا۔ تحقیقاتی ٹیم نے اٹک‘ جہلم اور چکوال کی جیلوں سے 200 اضافی اہلکار طلب کر لئے۔ جیل کی تمام بیرکوں اور کمروں میں سر چ آپریشن شروع
کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن صفدر کی رہائی کے موقع پر مٹھائی کے اڈیالہ جیل میں آنے پر سخت نوٹس لیا تھا جبکہ جیل سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں نواز شریف کی رہائی کے موقع پر حنیف عباسی کی جیل سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں موجودگی پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات سے رپورٹ طلب کر لی تھی۔ حنیف عباسی کی اڈیالہ جیل سے اٹک جیل منتقلی کے فوری بعد جیل میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔