اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی دوسری عدالت میں منتقلی معاملے میں غلط بیانی پر نیب نے سپریم کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطاء بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے نیب کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کی۔سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران
ایڈیشنل پراسیکیوٹر نیب حیدر علی نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ نیب ریفرنسز کی منتقلی کے خلاف معاملہ 11 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر تھا اور تفصیلی فیصلے تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ایڈیشنل پراسیکیوٹر حیدر علی نے عدالت عظمیٰ کے روبرو کہا کہ وہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے بنچ سے بھی اپنی غلطی پر معافی مانگ چکے ہیں، جسے فراخ دلی سے قبول کیا گیا۔ساتھ ہی انہوں نے سپریم کورٹ سے بھی غیرمشروط معافی قبول کرنے کی استدعا کی۔