اسلام آباد(آن لائن) حکومت کی جانب سے انکار پر شہبازشریف نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن چیمبر کی من پسند کی تیاری اور تزئین و آرائش کیلئے جیب سے رقم خرچ کرنے کی حامی بھر لی، فرنیچر سے لے کر واش روم کی ٹائلیں تک تبدیل کروا دی گئیں ،
کارپٹ اور نئے کمپیوٹرز بھی منگوا لئے گئے ، بے نظیر بھٹو ، نوازشریف سے لے کر خورشید شاہ تک اپوزیشن لیڈرز کی فہرست میں شہبازشریف بھی شامل ہو گئے۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو چیمبر الاٹ ہوئے دو ہفتے سے زائد کا وقت ہونے کے بعد انہوں نے اپنے چیمبر میں آنے کی بجائے پہلے اس کی تزئین و آرائش کا کہا تھا جبکہ حکومت کی جانب سے من پسند تزئین و آرائش نہ کرانے پر شہبازشریف نے اپنے چیمبر کی ذاتی حیثیت سے تیاری شروع کروا دی جس میں نیا کارپٹ ، کمپیوٹرز، الماریاں ، فرنیچر اور صوفے تبدیل کردیئے گئے اور سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ کے ساتھ اپنی تصاویر بھی آویزاں کروا دیں ۔اس موقع پر شہبازشریف کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے چیمبر کی تزئین و آرائش پر جتنا بھی خرچہ آئے گا وہ شہبازشریف نے اپنی جیب سے دینے کا اعادہ کیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ چیمبر کی تزئین و آرائش پر 10لاکھ سے زائد کے اخراجات آنے کی توقع ہے تاہم کام جاری ہے حتمی بل کی ادائیگی پر ہی تخمینہ لگایا جاسکتا ہے ۔چیمبر کے لئے مہنگی ترین ٹائلز خریدی گئیں اور شہبازشریف کی پسند کے صوفے بھی دفتر میں رکھ دیئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ چیمبر میں مولانا فضل الرحمن ، نوازشریف ، بے نظیر بھٹو ، چوہدری نثار علی خان اور خورشید شاہ کی تصاویریں بھی موجود ہیں اور ان کیساتھ شہبازشریف نے بھی ایک تصویر کا اور اضافہ کردیا ہے ۔