کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف میں شمولیت کی خبروں کے بعد فاروق ستار نے سرپرائز دیتے ہوئے متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ذاتی وجوہات کی بناء پر رکن رابطہ کمیٹی کی حیثیت سے استعفیٰ دیا ہے،
انہوں نے کہا کہ استعفیٰ رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان کو ارسال کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل چھ ستمبر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا تھا کہ تحریک انصاف میں شمولیت پر قریبی دوستوں سے مشاورت کر رہا ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایک جماعت اور ایک منشور سے تیس سال سے جڑا ہوں۔ مجھ سے تحریک انصاف کے بعض ارکان نے رابطہ کیا، اور تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دی ہے، جس پر میں شمولیت پرقریبی دوستوں سے مشاورت کر رہا ہوں۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم کے رہنما نے 5 ستمبر کو انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوکر ضمنی الیکشن لڑنے کی پیشکش ہوئی ہے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کئی فیصلوں میں مجھے شامل نہیں کیا گیا یا میں خود نہیں ہوا لیکن دلبرداشتہ نہیں ہوں، انہوں نے کہا کہ علی رضا عابدی نے رابطہ کمیٹی سے دلبرداشتہ ہو کر استعفیٰ دیا، اب بھی وقت ہے انہیں منانا چاہیے۔ ایم کیو ایم اپنی صفوں کو درست کرے، غلطیوں کا ازالہ کرے، ایم کیوایم ایسا مشاورتی عمل قائم کرے جس سے درست فیصلے ہوں۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف میں شامل ہوکر عارف علوی کی نشست پر ضمنی الیکشن لڑنے کی پیشکش ہوئی ہے۔