اسلام آباد(آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بہت افسوسناک واقعہ ہے کہ نواز شریف جیل میں تھے اور کلثوم نواز خالق حقیقی سے جا ملیں۔ اس سے بڑھ کر افسوسناک بات یہ ہے کہ ملک کا سابق وزیر اعظم جیل کی کوٹھڑی سے رہا ہو کر اپنی اہلیہ کے جنازے میں شرکت کے لئے آ رہا ہے ۔پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ حکومت نئے منی بجٹ میں عوام کو ریلیف دیگی ۔عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ
نہیں ڈالا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 3 ڈیم بن جائیں تو پاکستان کی معاشی صورت حال بہتر ہو جائے گی ۔ ڈیموں سے لوگوں کو سستی بجلی ملے گی اور زرعی صورت حال بھی بہتر ہو گی۔ مگر ڈیم کی کاسٹ 1600 ارب روپے ہے۔ صرف چندے یا مدد سے ڈیم نہیں بن سکتے حکومت سنجیدہ ہے تو ڈیم کے لئے پی ایس ڈی پی میں بجٹ رکھیں اور ڈیم کو تعمیر کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسوسناک بات ہے کہ ملک کا تین بار وزیر اعظم رہنے والا شخص جیل کی کال کوٹھڑی میں تھا اور وہ ان کی اہلیہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔