واشنگٹن(نیوز ڈیسک )فلورینس نامی خطرناک طوفان امریکا کے مشرقی ساحلوں تک پہنچ گیا،جارجیاسمیت 4 ساحلی ریاستوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی ،امریکی صدر نے لاکھوں افراد کو نقل مکانی کی ہدایت کر دی۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فلورینس نامی خطرناک طوفان امریکا کے مشرقی ساحلوں تک پہنچ گیا، جس کی شدت درجہ دوم میں ہونے کے باوجود زندگی کے لیے
خطرہ بننے والی طوفانی بارشوں کا خدشہ ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق طوفان کی شدت کے سبب تاریخ کی بدترین بارشیں برسنے کا امکان ہے چناچہ جارجیاسمیت 4 ساحلی ریاستوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی ہے۔ہریکین فلورینس براہِ راست شمالی اور جنوبی کیرولینا کو متاثر کرے گا جبکہ اس کے باعث جارجیا اور ورجینیا میں بھی شدید بارشوں کی پیش گوئی ہے جبکہ میری لینڈ، واشنگٹن کی ریاستوں میں بھی ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی ہے۔خطرے کے پیشِ نظر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مقامی حکام نے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والی ریاستوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر علاقہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔امریکی ٹی وی سی این این کی رپورٹ کے مطابق شمالی کیرولینا کے گورنر روئے کوپر نے شہریوں کو علاقہ چھوڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ یہاں رکے تو اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالیں گے، اور اگر بارش اور آندھی کا آغاز ہوجائے تو پھر نکلنے کی کوشش نہ کریں۔دوسری جانب جنوبی کیرولینا کے گورنر ہینری میک ماسٹر کی جانب سے بھی 10 لاکھ سے زائد افراد کو نقل مکانی کی ہدایت کردی گئی ہے اور کہا ہے کہ اگر وہ نہیں گئے تو پھر ان کی اپنی ذمہ داری ہے۔ واضح رہے اس سے قبل دو سال کے عرصے میں متعدد طوفان امریکی ریاستوں کو تہہ و بالا کر چکے ہیں جس سے بڑے پیمانے پر تباہی اور املاک کو نقصان پہنچ چکا ہے۔